شمالی علاقاجات میں جانے سے پہلے موسم کے تیور دیکھ لیں۔
گلگت بلتستان کے علاقے بابوسر ٹاپ میں شدید برف باری کے باعث متعدد سیاح اپنی گاڑیوں سمیت پھنس گئے۔ شمالی علاقہ جات کے مشہور سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ پر ہفتے کے آخر میں مسلسل شدید برف باری کے بعد اسے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے مطابق بابوسر ٹاپ پر شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد بابوسر ناران قومی شاہراہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ مسافروں اور سیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اگلے احکامات تک ہائی وے پر سفر سے گریز کریں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بابوسر ٹاپ کے علاقے میں اب تک 3 انچ تک برف پڑ چکی ہے اور امدادی کارکن اپنی گاڑیوں کے ساتھ پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنے کے لیے علاقے میں روانہ کر دیے گئے ہیں۔ ریسکیو حکام نے بابوسر ٹاپ پر برف باری اور خراب موسم کے باعث پھنسے درجنوں مسافروں اور سیاحوں سمیت 50 سے زائد گاڑیوں کو بچا لیا ہے۔ بچائے گئے سیاحوں کو بابوسر سینٹر منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق بابوسر ٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔